دورۂ پاکستان کیلئے آج اسلام آباد پہنچنے والے چینی وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان چین کا ہر موقعے پر ساتھ دیتا ہے اور دونوں ممالک آہنی بھائی ہیں۔
دورۂ پاکستان کے موقعے پر پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں چینی وزیراعظم لی کیانگ نے کہا کہ مجھے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف کی جانب سے دورۂ پاکستان کی دعوت پر خوشی ہوئی۔
اپنے پیغام میں چینی وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں شرکت کیلئے اسلام آباد آمد پر خوشی ہوئی ہے۔ پاکستان بھی اپنی اصلاحات اورترقیاتی کاوشوں کیلئے پر عزم ہے۔
وزیر اعظم لی کیانگ نے کہا کہ پاکستان چین کا ہر موقعے پر ساتھ دینے والا آہنی بھائی ہے۔ جہاز سے نکلتے ہی میرا اسلام آباد ائیرپورٹ پر گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔ چینی عوام پاکستانی عوام اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل چینی وزیراعظم لی کیانگ 3 روزہ سرکاری دورے کیلئے پاکستان پہنچ گئے، توقع کی جارہی ہے کہ دورے کے ذریعے دونوں ممالک دو طرفہ تعاون کو فروغ دیں گے۔
آج سے شروع ہونے والا یہ دوہ 11 سال بعد کسی بھی چینی وزیراعظم کا پہلا دورۂ پاکستان ہے۔ دورے کا مقصد بدلتی ہوئی جغرافیائی صورتحال اور چینی صدر شی جن پنگ کے بی آر آئی منصوبے کو درپیش چیلنجز کیلئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔
جب چینی وزیراعظم لی کیانگ اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ ائیر چائنا کے طیارے میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقعے پر گلدستے بھی پیش کیے گئے اور توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








