مولانا پھر پی ٹی آئی سے ہاتھ کرگئے، فضل الرحمٰن کا تحریک انصاف کیلئے اہم پیغام

تازہ ترین

تازہ ترین

JUI agrees judicial reforms

لاہور: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تین اہم سیاسی جماعتوں مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی ف اور پیپلز پارٹی نے عدالتی اصلاحات پر اتفاق کیا ہے اور آئینی ترمیمی پیکیج کے دیگر نکات پر اتفاق رائے کے قریب ہیں۔

بدھ کی شب جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں تین فریقی اجلاس کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے جے یو آئی-ایف کے سربراہ نے کہا کہ ہم عدالتی اصلاحات پر متفق ہیں اور آئینی ترمیم کے دیگر نکات پر اتفاق رائے کے قریب ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ “ہم آئینی ترمیمی پیکیج پر وسیع تر اتفاق رائے کے لیے تمام جماعتوں کو آن بورڈ لینا چاہتے ہیں۔ میں مجوزہ مسودے پر مشاورت کے لیے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے ملاقات کروں گا۔

فضل الرحمان نے اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے پہلے ابتدائی ترمیم کو مسترد کر دیا تھا ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر ہم اہم معاملات پر تفصیلی بات چیت کرتے ہیں تو ملک اور آئین دونوں کی حفاظت کی جائے گی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے مشکور ہیں، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف کے درمیان آئینی ترمیمی پیکیج پر معاہدہ ہوا تھا اور آج تین جماعتوں نے آئین اور عدلیہ کی بالادستی کے لیے عدالتی اصلاحات پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئینی عدالتوں کے ذریعے آئین کی بالادستی چاہتے ہیں اور فوری انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پی پی پی رہنما نے مزید کہا، “مناسب وقت پر، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مجوزہ ترمیم پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور ہو۔”

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں ملک کی بہتری کے لیے کوششیں کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم عدالتی اصلاحات پر اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں، آنے والے دنوں میں پیکیج کے دیگر نکات پر بھی اتفاق کریں گے۔

عشائیہ اور سیاسی اجتماع میں شریک ہونے والوں میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، صدر پاکستان آصف علی زرداری، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو، مریم نواز، محسن نقوی ، مریم اورنگزیب، نوید قمر، اعظم نذیر تارڑ، گورنر پنجاب سلیم حیدر، اسحاق ڈار بھی شامل تھے۔

Related Posts