اداکار سلیم معراج اپنا موازنہ نواز الدین صدیقی سے کرنے پر برہم کیوں ہوئے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

نواز الدین صدیقی
(فوٹو: آن لائن)

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سلیم معراج اپنا موازنہ بالی ووڈ فنکار نواز الدین صدیقی سے کرنے پر برہم ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ خواتین نے مجھے بھارتی اداکار سمجھ لیا تھا۔

حال ہی میں ٹی وی میزبان واسع چوہدری کے ہمراہ مزاحیہ پروگرام گپ شپ میں شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اداکار سلیم معراج نے کہا کہ میرا موازنہ نواز الدین صدیقی سے نہیں کیا جانا چاہئے۔ بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی بہت اچھا اداکار ہے لیکن مجھے برا لگتا ہے جب میرا موازنہ اس سے کیا جاتا ہے۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔

گپ شپ کے میزبان واسع چوہدری نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ لوگ آپ کو نواز الدین صدیقی جیسا بہترین اداکاری کرنے والا واحد فنکار سمجھتے ہوں، اس لیے آپ کا نام لیا جاتا ہو۔ سلیم معراج نے کہا کہ ورسٹائل بھارتی اداکاروں میں وجے راز اور مرحوم عرفان خان بھی تو شامل ہیں، لیکن کبھی میرا موازنہ ان سے نہیں کیاجاتا۔ نواز الدین سے میرا موازنہ غلط بات ہے۔

دیکھا جائے تو نواز الدین صدیقی ایک تو بالی ووڈ کا اداکار ہے جو صرف بڑی اسکرین پر نظر آتا ہے اور سلیم معراج پاکستانی ڈراموں کا معروف نام ہے,  جس نے متعدد فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں لیکن پاکستانی فلموں کی جگہ بھارتی فلمیں زیادہ دیکھنے والے افراد شاید سلیم معراج کو نہ جانتے ہوں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس کا موازنہ نواز الدین سے کیا جائے۔

سلیم معراج نے نواز الدین صدیقی کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے متعدد پروگرامز اور جگہوں پر 200 بار یہی سوال ہوا اور نواز الدین پر سوال ہوتے ہیں جو اچھا نہیں لگتا۔ ایک بار جب پاسپورٹ بنوانے گیا تو دوسری لائن میں کھڑی خواتین نے مجھے نواز الدین صدیقی سمجھ لیا۔ اس وقت نواز الدین اورسلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی جان ریلیز ہوئی تھی۔

Related Posts