لاہور میں نجی کالج احتجاج پر بنائی گئی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے ڈس انفارمیشن پھیلانے والوں کی طلبی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا ماننا ہے کہ محکمہ داخلہ کی جے آئی ٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت ایس ایس پی (انوسٹی گیشن) نے کی جس میں پولیس اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق جے آئی ٹی اجلاس کے دوران فیصلہ ہوا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں شیئر کرنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے بعد ویڈیو اور پوسٹس شیئر کرنے والے افراد کو جے آئی ٹی میں طلب کرکے سوال و جواب کیے جائیں گے۔
آج سے ایک روز قبل لاہور میں طالبہ سے متعلق وائرل خبر کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد نوید کی سربراہی میں 6 رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی۔ ٹیم خبر کے متعلق حقائق سامنے لائے گی۔
جے آئی ٹی نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں اپنا کام شروع کردیا ہے، 6 رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم میں 3 پولیس اور 3 حساس اداروں کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔ جے آئی ٹی تھانہ ڈیفنس اے میں درج مقدمے کی بھی تفتیش کررہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








