کراچی میں 5سال تک کے بچوں کو عمر بھر کیلئے معذور کردینے والی بیماری پولیو کے باعث رواں برس 3 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کا ذرائع ایمرجنسی آپریشن کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں دعویٰ ہے کہ جاں بحق بچوں کا تعلق کراچی اور بلوچستان سے ہے۔ جاں بحق بچوں میں سے عبداللہ بن قاسم ٹاؤن، ضلع ملیر کا رہائشی تھا جبکہ جاں بحق ہونے والے 2 بچوں کا تعلق بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ اور کوئٹہ سے تھا۔
رپورٹ میں ذرائع ای او سی کے حوالے سے یہ بھی بتایا گیا کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 39 تک جا پہنچی ہے جبکہ سندھ میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 12 جبکہ کراچی سے رپورٹ ہونے والے کیسز 4 ہیں۔ رپورٹ کیے گئے کیسز کا تعلق کراچی کے ضلع ملیر، شرقی اور کیماڑی سے تھا۔
صوبہ بلوچستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 20 ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں 5 بچے پولیو سے متاثر ہوئے۔ اسی طرح اسلام آباد اور پنجاب سے ایک ایک بچے کے جسم میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ حکومت 28 اکتوبر سے ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








