کراچی میں اکتوبر کے دوران شدید گرمی پڑنے لگی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے بھی شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی کا موسم آئندہ 4 سے 5 روز کے دوران شدیدگرم رہنے کا امکان ہے۔ شہرِ قائد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جن میں سجاول، ٹھٹھہ، عمر کوٹ اور تھرپارکر سمیت صوبے کے بیشتر مقامات شامل ہیں۔ آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42ڈگری رہا۔
تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری، شہید بے نظیر آباد میں 41، چھور، میر پور خاص، حیدر آباد، مٹھی اور سکرنٹ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اس وقت کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39ڈگری ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کے آسمان پر چھائے ہوئے بادل چھٹ جائیں گے اور زیادہ تر علاقوں میں دھوپ پڑے گی۔ مسلسل دھوپ کے نتیجے میں کراچی کا درجہ حرارت منگل کو بڑھ کر 40 ڈگری تک بھی جاسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








