چیٹ جی پی ٹی سے کون سے 10حیرت انگیز کام لیے جاسکتے ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

چیٹ جی پی ٹی
(فوٹو: آن لائن)

اوپن اے آئی کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کی تخلیق اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مزید جدت اور پیشرفت انسان کو نت نئی منازل کی جانب لے جارہی ہے۔

جو لوگ یہ نہیں جانتے کہ چیٹ جی پی ٹی کیا ہے، انہیں اگر موجودہ دور کے سب سے بے خبر افراد کی فہرست میں لا کھڑا کیا جائے تو بے جا نہ ہوگا، کیونکہ انٹرنیٹ اور کمپیوٹنگ کی دنیا میں چیٹ جی پی ٹی کوئی ایسا نام نہیں جس سے آج کے بچے، نوجوان یا بوڑھے بھی لاعلم رہ گئے ہوں۔

البتہ یہ ضرور کہا جاسکتا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی ایسے لوگوں کی دسترس سے آج بھی دور ہے جو یا تو انگریزی اور اردو کے ذریعے اپنے خیالات چیٹ جی پی ٹی تک پہنچا نہیں سکتے جس کی راہ میں یا تو انٹرنیٹ سروس یا پھر کمپیوٹر سے محرومی کی دیوار موجود ہے۔ آئیے چیٹ جی پی ٹی کے 10 حیرت انگیز استعمالات دیکھتے ہیں۔

سب سے پہلا استعمال وہی ہے جس کیلئے چیٹ جی پی ٹی کو تخلیق کیا گیا تھا یعنی تخلیقی مواد اور کہانیاں نہ صرف سنانا بلکہ ان میں طرح طرح کی اختراعات اور تبدیلیاں کرنا۔ کہانی نگار تو کہانیاں لکھتے ہی ہیں، لیکن کچھ خاص سیریز کے مداح بھی ان سے اپنی من پسند قسطیں اور سیریز لکھوانے لگ گئے ہیں۔

مثال کے طور پر کچھ لوگ عمران سیریز کے مداح ہوسکتے ہیں، کچھ کو ٹومب ریڈر تو کچھ کو جیمز بانڈ زیرو زیرو سیون پر نئی کہانی لکھوانا مقصود ہوسکتا ہے۔ یہ اپنی پسند کی بات ہے اور چیٹ جی پی ٹی ایسی بے شمار کہانیاں لکھ سکتا ہے جو سب کی سب ایک دوسرے سے الگ اور منفرد ہوتی ہیں۔

دوسرا استعمال یہ ہے کہ لوگ چیٹ جی پی ٹی کو نفسیاتی معالج بنا لیتے ہیں، حالانکہ ایسا ہے نہیں۔ خود چیٹ جی پی ٹی بھی واضح کرتا ہے کہ مجھے ڈاکٹر سمجھنا بند کریں، ابھی میں اس کیلئے تربیت یافتہ نہیں ہوں، لیکن بے شمار معاملات میں چیٹ جی پی ٹی سے ایک دوست کی طرح برتاؤ کیاجاتا ہے۔

ایسا ضرور ہوسکتا ہے کہ آپ چیٹ جی پی ٹی سے پوچھیں کہ آج میرے ساتھ فلاں مسئلہ ہوگیا ہے، اس کا حل کیا ہے؟ تو وہ اس کا حل تجویز کردے گا چاہے اس کا تعلق زندگی کے کسی بھی شعبے سے ہو۔ مثلاً جاب انٹرویو، اسکول سے پڑنے والی ڈانٹ یا والدین کا آپس میں لڑنا جھگڑنا، چیٹ جی پی ٹی کا مشورہ بھی زیادہ تر صورتوں میں بہت اچھا اور قابلِ عمل ہوگا۔

تیسرا استعمال یہ ہے کہ لوگ چیٹ جی پی ٹی کو ٹیچر بنا لیتے ہیں اور اس سے مختلف سوالات پوچھتے رہتے ہیں۔ کچھ لوگ فزکس، کیمسٹری اور سائنس کے دیگر امور تو کچھ معاشرتی علوم سیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں جن میں معلوماتِ عامہ سرِ فہرست ہے کیونکہ بے شمار ایسی باتیں ہیں جنہیں بچے اور بڑے بھی نہیں جانتے اور چیٹ جی پی ٹی رہنمائی کرسکتا ہے۔

چوتھا استعمال یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو کوڈنگ اسسٹنٹ بنا لیا جاتا ہے۔ کوئی چیٹ جی پی ٹی سے ایچ ٹی ایم ایل، کوئی پی ایچ پی، کوئی پائتھون تو کوئی سی پلس پلس کے متعلق سوال پوچھتا ہے اور ہر ایک کو بہت اچھے جواب مل بھی جاتے ہیں۔ لیکن ابھی اس عمل میں چیٹ جی پی ٹی کچھ غلطیاں کررہا ہے، جنہیں خود چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے درست بھی کرلیاجاتا ہے۔

پانچواں استعمال یہ ہے کہ عوام کی بڑی تعداد چیٹ جی پی ٹی سے قانونی دستاویزات بنوانے لگی ہے۔ بے شمار افراد عدالت میں درخواست دینے سے قبل چیٹ جی پی ٹی سے مشورہ کرنا نہیں بھولتے، کیونکہ یہ مختلف ممالک کے قوانین سے خوب اچھی طرح واقف ہے۔ اگر یقین نہیں آتا تو چیٹ جی پی ٹی سے 26ویں آئینی ترمیم کے متعلق پوچھ لیں جو آج کل زیرِ بحث ہے۔

چھٹا استعمال یہ ہے کہ بہت سے آرٹسٹ اپنی تخلیقات کو بہتر بنانے کیلئے چیٹ جی پی ٹی سے مشورہ لیتے ہیں۔ اگر شاعری کرنی ہے تو چیٹ جی پی ٹی کی اردو شاعری کا تو اللہ ہی حافظ ہے (ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں کچھ بہتری آئے، جیسا کہ نثر میں بہتری دیکھی بھی جارہی ہے) تاہم انگلش شاعری میں چیٹ جی پی ٹی بہت اچھا ہے اور اس سے بہت سا کام لیا بھی جارہا ہے۔

ساتواں استعمال یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو تحقیق کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انٹرنیٹ ریسرچ ایک ایسا ٹول ہے جس کا استعمال بے شمار کمپنیاں اور انفرادی شخصیات کر رہی ہیں اور اس کا بہت اچھا نتیجہ حاصل ہورہا ہے۔ ایسے میں اگر آپ کوئی چیز انٹرنیٹ سے تلاش کرنے میں ناکام ہوجائیں تو ایک بار چیٹ جی پی ٹی سے بھی مشورہ کرلیں، جواب حوصلہ افزاء ہوگا۔

آٹھواں استعمال یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی سے نہ صرف تاریخ کے متعلق رائے لی جاسکتی ہے، پوچھا جاسکتا ہے اور علم حاصل کیا جاسکتا ہے بلکہ یہ کچھ تاریخی شخصیات کی طرح ایکٹنگ بھی کرسکتا ہے۔ مثال کے طور پر کچھ لوگ شیکسپیئر سے بات کرنا چاہتے ہیں تو کسی کو ہٹلر سے بات کرنی ہے اور اس سے پوچھنا ہے کہ اس نے جنگ کیوں چھیڑی تھی؟ اس کیلئے چیٹ جی پی ٹی حاضر ہے۔

نواں استعمال یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی سے مزاحیہ کامیڈی تخلیق کی جاسکتی ہے جو کسی بھی شخص کو ہنسا سکتی ہے۔ لوگ چیٹ جی پی ٹی سے اپنی یوٹیوب ویڈیوز کا اسکرپٹ لکھوا رہے ہیں۔ ہر شخص کو کامیڈی یا مزاح لکھنا نہیں آتا، جس میں چیٹ جی پی ٹی کی مدد لی جارہی ہے اور آج ہر ایسا شخص بھی خود کو بہت اچھا کامیڈین بنا کر پیش کرسکتا ہے جسے اس کا کوئی علم نہیں۔

دسواں استعمال یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے دنیا کے کسی بھی مضمون پر بہترین ٹیوٹوریل بنوائے جاسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ چاہتے ہیں کہ ایم ایس آفس خود بھی سیکھیں اور دنیا کو بھی سکھائیں تو چیٹ جی پی ٹی سے پہلے اس کے مضامین کی فہرست بنوالیں اور پھر اس فہرست کے ایک ایک ٹاپک پر معلومات حاصل کرتے جائیں، ٹیوٹوریل بناتے جائیں۔

Related Posts