پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 700 کی حد عبور کر گیا، لاہور کو آج دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق لاہور نے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست شہر کا خطاب حاصل کرلیا۔ آج صبح پاکستان کا دل کہلانے والے شہر لاہور کی فضا 700 سے زائد ائیر کوالٹی انڈیکس کے باعث خطرناک حد تک آلودہ ہوگئی۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس سب سے زیادہ جوہر ٹاؤن میں رہا جہاں 758 کے انڈیکس نے ماضی کا ریکارڈ توڑ دیا، صبح 10 بجے تک شہر کے مختلف علاقوں کا ائیر کوالٹی انڈیکس کم ہو کر اوسطاً 537 تک آگیا جو مضر صحت ہے۔
جوہر ٹاؤن کے 758 کے مقابلے میں گلبرگ کے علاقے میں ائیر کوالٹی انڈیکس 716 رہا جبکہ شملا پہاڑی پر انڈیکس 575 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ ماہرین صحت کا ماننا ہے کہ لاہور کی فضا اسموگ میں اضافے کے باعث انسانی صحت کیئے خطرناک ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی اور اسموگ کے باعث لاہور میں وائرل فلو، کھانسی اور گلے کی دیگر بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لاہور کے شہری ماسک اور عینک کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








