لاہور: پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے جس میں ایک اہم کھلاڑی کی تنزلی جبکہ دیگر کی ترقی ہوئی ہے۔ ایک کھلاڑی کو کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے سال 25-2024 کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔ کنٹریکٹ میں 25 کھلاڑیوں کو شامل کرلیا گیا ہے اور پہلی بار 5 ایمرجنگ کھلاڑیوں کوبھی معاہدہ کرنے کیلئے پیشکش کردی گئی۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی سے 30 جون 2025 کے کرکٹ سیزن پر ہوگا، سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان اے کیٹگری میں برقرار ہیں، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو 1 درجے تنزلی کا سامنا ہے۔
فخر زمان کوسینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا۔ کنٹریکٹ میں انگلینڈ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نعمان علی اور ساجد خان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پی بی سی نے معاہدے کو باصلاحیت کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ قرار دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی حوصلہ افزائی اور انعام دینے کی حکمتِ عملی کے طور پر پہلی بار 5 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی گئی ہے جن میں عثمان خان، عرفان خان، محمد علی، عباس آفریدی اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹگری اے میں سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان شامل ہیں، بی کیٹگری میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے 9 کھلاڑی سی کیٹگری میں ہیں جن میں عبداللہ شفیق شامل ہیں۔
سی کیٹگری میں ابرار احمد، نعمان علی، حارث رؤف، ساجد خان، صائم ایوب، سعود شکیل، سلمان علی آغا اور شاداب خان شامل ہیں۔ ڈی کیٹگری میں عثمان خان، وسیم جونیئر، عرفان خان، محمد ہریرہ، محمد علی، عباس آفیرید، میر حمزہ، خرم شہزاد، حسیب اللہ، کامران غلام اور عامر جمال شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








