شہرِ قائد کی سب سے مقبول سیاسی جماعتوں میں شامل متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کی آئندہ میئر لڑکی بھی ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں متحدہ قومی موومنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم بہت جلد روشنیوں کے شہر کراچی کو نوجوان اور تازہ دم قیادت دینے والی ہے۔
خطاب کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم ایک بار پھر نوجوان قیادت کو بلدیاتی کونسلز، سندھ اسمبلی اور قومی اسمبلی اسلام آباد میں بھیجیں۔ ہوسکتا ہے کہ کراچی کی آئندہ میئر ایک لڑکی ہو۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد نوجوانوں کو ایم کیو ایم رہنما کے طور پر کامیابی ملی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سیاسی اختلافات ایک جانب رکھ کر شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے سب کو ساتھ بیٹھنا ہوگا۔
دریں اثناء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم کیو ایم (پاکستان) خالد مقبول نے کہا کہ مائیں اپنی بیٹیوں کو چمٹے کے ساتھ ساتھ نشتر پکڑنا بھی سکھا دیں۔ بچیوں کو گھر چلانا ہی نہیں بلکہ ملک چلانے کی بھی تعلیم دیں۔ یہی ہمارے دین کا تقاضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد کے نوجوان بتا چکے ہیں کہ وہ سب اس سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں جس نے ایوانوں کو ہلا دینے والی طرزِ سیاست دی۔ نوجوان تیار رہیں، سندھ کے شہروں میں دنیا کی مایہ ناز جامعات کے کیمپس کھلیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








