پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی لاہور پہنچ گئی ہیں۔
بدھ کو اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے بعد بشریٰ بی بی راولپنڈی سے روانہ ہوئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بشریٰ بی بی کو پشاور جانا تھا، لیکن وہ لاہور پہنچ گئیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا تھا کہ پشاور واپسی کا فیصلہ وہ خود کریں گی۔ فی الحال ان کے لاہور جانے اور وہاں چیک اپ کے لئے رکنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی رہائش کیلئے پشاور محفوظ جگہ ہے، اسلام آباد میں کیسز کی وجہ سے انہیں رکنا پڑ سکتا ہے۔
بشریٰ بی بی لاہور پہنچ کر اب زمان پارک میں قیام کریں گی، زمان پارک کے باہر پولیس کی نفری تعینات ہے، کارکنان بھی زمان پارک پہنچنا شروع ہوگئے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے بشریٰ بی بی کچھ دیر میں چیک اپ کیلئے شوکت خانم ہسپتال جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








