فضائی دہشت گردی، بھارت میں جلائی گئی فصلوں کی باقیات اور دھواں لاہور پہنچ گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

فصلوں کی باقیات
(فوٹو: دی ہندو)

بھارت میں جلائی گئی فصلوں کی باقیات اور دھواں لاہور پہنچ گیا، مشرق سے چلنے والی ہوائیں سیاہ بادلوں کے مرغولے اور گرداب بن کر وسطی پنجاب پہنچ گئیں۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ بھارت میں جلائی گئی فصلوں کی باقیات اور کچرے کا دھواں لاہور پہنچ گیا ہے۔ بھارت سے چلنے والی ہواؤں سے سب سے زیادہ ضلع لاہور متاثر ہوا جبکہ دھواں مختلف بھارتی شہروں سے پاکستان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی شہروں بشمول جالندھر، چندی گڑھ، لدھیانہ، کرنال، بھٹنڈہ، امرتسر، گرداسپور اور اٹاری سے دھویں کے گہرے سیاہ بادل تیز ہواؤں اور مرغولوں کی صورت میں پاکستان پہنیچ رہے ہیں جس سے ملک کی فضائی آلودگی اور بیماریوںن میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ہمسایہ ملک بھارت کی جانب سے پاکستان پہنچنے والی آلودہ ہواؤں کے باعث لاہور میں اسموگ کی صورتحال مزید پیچیدگی اختیار کرگئی۔ ماہرین موسمیات کا ماننا ہے کہ بھارت کی آلودہ ہواؤں نے لاہور میں معمول کے قدرتی فضائی بہاؤ کو روک دیا ہے۔ اگر بھارت اسموگ پر قابو پالے، اسی صورت میں خطے میں بھی اسموگ کو روکا جاسکتا ہے۔

سفارت کاری کی ضرورت

گزشتہ کچھ برسوں سے ، خاص طور پر پی ٹی آئی دور میں 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات کے بعد سے مقبوضہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے پاک بھارت سفارت کاری کی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی ہے، ضروری ہے کہ دونوں ممالک اسموگ کے مسئلے کا بھی تدارک کریں جو دونوں ہی ممالک کیلئے وبالِ جان بن گیا ہے۔

Related Posts