بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے متعلق آئی سی سی کے نئے ’’پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولے‘‘ پر بھی اعتراض جڑ دیا، کوالیفائی کرنے کی صورت میں چیمپئنز ٹرافی کے فیصلہ کن معرکے کیلئے بھی پاکستان جانے سے انکار سامنے آگیا۔
پی سی بی نے بھی دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہے تو ہماری ٹیم سے بھی کسی فائنل کے لیے بھارت کے دورے کی امید نہ رکھی جائے، تین سال کے تمام فائنلز بھی دبئی میں ہونے چاہیئں، اس کا تا حال کوئی جواب نہیں آیا۔
معاملے میں نیا ڈیڈ لاک سامنے آ گیا، بی سی سی آئی تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔ دوسری جانب براڈ کاسٹرز کی کانفرنس جمعرات کو دبئی میں ہوگی، اس میں آئی سی سی کو چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول بھی شیئر کرنا پڑے گا، ہر گزرتے دن کے ساتھ حکام کی بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔
گذشتہ دنوں دبئی میں پی سی بی حکام کی آئی سی سی کے ٹاپ آفیشلز سے ملاقات ہوئی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ویڈیو کال پر جے شاہ سے بھی بات کی، پاکستانی بورڈ نے برابری کی سطح پر بات کرتے ہوئے ’’پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولا‘‘ سامنے رکھا جس کے تحت آئندہ 3 برس میں دونوں ممالک جتنے بھی آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کریں ان کی ٹیمیں اپنے میچز تیسرے ملک دبئی میں کھیلیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








