ریاض: دنیا کی پہلی کھجور سے تیار کردہ سافٹ ڈرنک “میلاف کولا” کو ریاض ڈیٹ فیسٹیول میں باضابطہ طور پر متعارف کرایا گیا۔
یہ مشروب سعودی عرب کی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ذیلی کمپنی “تراث المدینہ” نے تیار کیا ہے۔ اس منفرد مشروب کا مقصد صحت کے فوائد اور تازگی بخش ذائقے کو یکجا کرنا ہے، جو سافٹ ڈرنکس کی دنیا میں ایک نیا باب کھولتا ہے۔
میلاف کولا کی بنیادی جزو اعلیٰ معیار کی کھجوریں ہیں، جو قدرتی شکر، فائبر اور اہم معدنیات سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ان غذائی خصوصیات کی وجہ سے یہ مشروب روایتی سافٹ ڈرنکس کا ایک صحت مند متبادل ثابت ہو سکتا ہے، جو عموماً ریفائنڈ شکر پر مبنی اور غذائی فوائد سے محروم ہوتے ہیں۔
میلاف کولا مقامی کھجوروں سے تیار کیا گیا ہے اور عالمی فوڈ سیفٹی معیارات کے مطابق بنایا گیا ہے۔ اس کی تیاری میں ماحول دوست پروڈکشن طریقے اپنائے گئے ہیں، جو سعودی عرب کے اقتصادی تنوع کے وژن اور مقامی مصنوعات کو فروغ دینے کی کوششوں کے عین مطابق ہیں۔
ریاض ڈیٹ فیسٹیول کے شرکاء نے ملاف کولا کو بے حد سراہا۔ لوگوں نے اس کی قدرتی مٹھاس اور تازگی بخش ذائقے کی تعریف کی۔”تراث المدینہ” نے مستقبل میں مزید کھجور پر مبنی مشروبات جیسے انرجی ڈرنکس اور فلیورڈ ڈرنکس متعارف کرانے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ یہ اقدامات کھجور کے اجزاء کی ہمہ جہت خصوصیات کو اجاگر کریں گے۔
میلاف کولا کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملنے کے امکانات ہیں، جو عالمی مشروب مارکیٹ میں ایک نیا رجحان قائم کر سکتا ہے۔ یہ مقامی اور پائیدار اجزاء کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے سعودی عرب کو عالمی فوڈ اور ڈرنک انڈسٹری میں ایک مضبوط مقام فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








