شہرِ قائد میں آج صبح 7 بجے تمام سی این جی اسٹیشنز کھل گئے جو صرف 12 گھنٹے تک کھلے رہیں گے جس کے باعث سی این جی فل کروانے کے لیے اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
سندھ بھر میں مسلسل 6 روز تک سی این جی کی فراہمی معطل رہی، سی این جی اسٹیشنز 6 روز بندش کے بعد جمعے کی رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کھولے گئے، اس کے بعد آج صبح کھلے۔
شیڈول کے مطابق سی این جی اسٹیشنز سندھ بھر میں 30 دسمبر، یکم جنوری اور 3 جنوری کو بند ہوں گے تاہم آج صبح کے وقت کھولے جانے والے سی این جی اسٹیشنز آج شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے انرجی ،ڈیولپمنٹ اینڈ یوٹیلائزیشن او ر سی این جی اسٹیشن اوونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کہا کہ گیس کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث سی این جی سیکٹر تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے ۔
ملک خدا بخش نے 2 ماہ قبل خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سی این جی کو فروغ دے کر اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکتا ہے ، اس وقت ملک میں ماہانہ 5لاکھ ٹن پٹرول در آمد کیا جارہا ہے جس پر اربوں ڈالرز کا کثیر زرمبادلہ خرچ ہورہا ہے۔
مزید پڑھیں: سی این جی سیکٹر تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








