محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں موسم بہتر رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات سندھ کے فوکل پرسن کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے میں موسم بہتر اور آخری عشرے میں موسم گرم ہوسکتا ہے۔
فوکل پرسن نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں رمضان کے آخری عشرے میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان کے دوران سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی موسم گرم رہ سکتا ہے جبکہ صوبے کے جنوبی علاقوں میں رمضان کے آخری عشرے میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک جاسکتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات ثاقب حسین نے کہا کہ پنجاب میں رمضان المبارک میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے، پہلے عشرے میں بارش متوقع ہے اور بارش سے درجہ حرارت 22 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ 15 ویں روزے کے بعد درجہ حرارت 30 ڈگری تک جائے گا۔
واضح رہے کہ ترجمان سپارکو کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستان میں یکم رمضان 2 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








