محکمہ موسمیات نے آج کراچی کے بعض علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے باعث ہلکی بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ صبح کے وقت ہلکی دھند چھانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 21ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے اور مغربی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں شدید بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں کی بندش اور پھسلن کے خدشات ہیں۔
حکام نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور شدید برفباری اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں کیونکہ خراب موسم سفری مشکلات کا سبب بن سکتا ہے اور متاثرہ علاقوں میں جانے والوں کے لیے خطرات پیدا کرسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








