چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنانے کی جنگ آج بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے سیمی فائنل میں ہوگی۔
یہ مقابلہ دبئی کرکٹ گراؤنڈ میں دوپہر دو بجے کھیلا جائے گا۔ بھارت نے اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست کارکردگی دکھائی ہے۔
ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں 151 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جہاں آسٹریلیا نے 84 جبکہ بھارت نے 57 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچز کھیلے گئے جن میں بھارت نے دو، آسٹریلیا نے ایک میچ جیتا جبکہ ایک مقابلہ بے نتیجہ رہا۔ آئی سی سی ناک آؤٹ مقابلوں میں دونوں ٹیموں کا ریکارڈ برابر ہے جہاں آٹھ میچز میں سے دونوں نے چار چار میچز جیتے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت نے اپنے سفر کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف جیت سے کیا، اس کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کو بھی شکست دی۔
دوسری جانب، آسٹریلیا نے صرف انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی جبکہ جنوبی افریقہ اور افغانستان کے خلاف ان کے آخری دو میچز بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکے۔
دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کریں گی۔
بھارت کے ممکنہ اسکواڈ میں روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ، اکشر پٹیل، کے ایل راہول (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، محمد شامی، کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی شامل ہونگے۔
آسٹریلین اسکواڈ میں میتھیو شارٹ، ٹریوس ہیڈ، اسٹیون اسمتھ (کپتان)، مارنس لبوشین، جوش انگلس (وکٹ کیپر)، ایلکس کیری، گلین میکسویل، بین ڈوارشیس، ناتھن ایلس، ایڈم زامپا اوراسپینسر جانسن کے شامل ہونے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








