معروف بالی ووڈ اداکار جان ابراہم کی فلم دی ڈپلومیٹ فارمولہ فلم نہیں ہے۔ یہ دعویٰ کرنے والی یوٹیوبر اور فلمی ناقد دیکشا شرما کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی سینما گھروں میں بھارتی عوام کو تالیاں بجانے پر مجبور کردے گی۔
تفصیلات کے مطابق اپنی حالیہ ویڈیو میں اداکار جان ابراہم کی فلم پر خاتون ناقد نے حیران کن دعوے کیے۔ دیکشا شرما کا کہنا ہے کہ جان ابراہم اداکاری کا ہنر خوب جانتے ہیں اور دھوم جیسی ایکشن فلموں میں کردار ادا کرنے والے جان ابراہم کا ایکشن جب ایموشن میں بدلتا ہے تو دیکھنے والے ہل کر رہ جاتے ہیں۔
ماضی میں فلم مدراس کیفے میں اداکار جان ابراہم کی اداکاری کافی سراہی گئی۔ دیکشا شرما کا کہنا ہے کہ اگر کسی کا فلمیں دیکھنے کا ٹیسٹ کرنا ہے تو اس سے یہ پوچھ لیں کہ مدراس کیفے کے بارے میں اس کی کیا رائے ہے ؟یہ اس قسم کا سینما ہے جس کی وجہ سے لوگ آج تک بالی ووڈ کو چھوڑ نہیں پائے۔
یوٹیوبر دیکشا شرما نے کہا کہ مشکل یہ ہے کہ جان ابراہم کو جو اہمیت دی جانی چاہئے تھی، وہ کبھی نہیں دی گئی۔ فلم دی ڈپلومیٹ ایسے لوگوں کے بارے میں ہے جو دیگر ممالک میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہیں مختلف پریشان کن حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ یہ فلم ایک حساس موضوع پر بنائی گئی ہے۔
دیکشا شرما نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ایک ایکشن فلم ہوگی، اس سے دور رہیں۔ فلم کی کہانی دلچسپ ہے۔ افغانستان میں بھارتی افسران کی بلڈنگ کے باہر ایک چھوٹی سی لڑکی کھڑی ہے جس پر ایک بڑے آفیسر کی نظر پڑ جاتی ہے جس سے پوری بلڈنگ ہل جاتی ہے جس کے بعد ایک لاش رہ جاتی ہے۔
فلم کے اگلے ہی سین میں ایک لڑکی کو دکھایا جاتا ہے جس پر کافی تشدد کیا گیا ہے۔ دیکشا شرما کا کہنا ہے کہ لڑکی کی آنکھوں میں جب روشنی آتی ہے تو کچھ مسلح افراد اس کی بولی لگارہے ہوتے ہیں۔ فلم کی کہانی بھارت کی سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے دور سے متعلق ہے، جان ابراہم صرف ذریعہ ہیں جبکہ اصلی ہیرو یا ہیروئن کوئی اور ہے۔
کیا یہ پاکستان مخالف فلم ہے؟
یوٹیوبر دیکشا شرما کاکہنا ہے کہ دوسروں کو نیچا دکھا کر اپنی فلم اوپر لے جانا آسان ہوتا ہے لیکن ڈپلومیٹ میں پاکستان کو نیچا دکھائے بغیر فلم کی کہانی پر توجہ دی گئی ہے۔ فلم میں عدالت کا ایک سین مشکل سے 3 یا 4 منٹ کا ہے جس پر پورا سینما ایک ساتھ تالی بجائے گا جبکہ فلم میں اچھی چیزوں سے زیادہ کچھ بھیانک حقیقتوں کو بے نقاب کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








