پاکستان سپر لیگ کے 10ویں سیزن کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے جبکہ یہ میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 140 رنز کا ہدف باآسانی 17.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا جس کے دوران کولن منرو نے ناقابل شکست 59 رنز کی اننگز کھیلی، سلمان علی آغا نے بھی 41 رنز بنائے۔
بعد ازاں صاحبزادہ فرحان 25 رنز بنا کر حارث رؤف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، آندریز گھاؤس نے صرف 4 رن بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے آصف آفریدی اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔۔لاہور قلندرز کی ٹیم 19.2 اوورز میں 139 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
قلندرز کے عبداللہ شفیق 66 رنز بنا کر اہم بیٹر ثابت ہوئے، سکندر رضا 23 اور ڈیرل مچل 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔فخر زمان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، سیم بلنگز نے بغیر کوئی رن بنائے پویلین کی راہ لی، ڈیوڈ ویزے صفر اور کپتان شاہین آفریدی 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
دوسری طرف اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4 اور کپتان شاداب خان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاداب خان نے ٹاس جیت کر شاہین آفریدی الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل 10 میں دفاعی چیمپین کی حیثیت سے کھیل رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








