پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن میں شائقین کرکٹ کا جوش و خروش پہلے جیسا نہ ہونے کی وجہ سے رواں ایڈیشن میں شائقین کی دلچسپی بڑھانے کیلئے پی سی بی تماشائیوں کو انعامات دینے پر مجبور ہوگیا، یعنی نوبت ‘میچ دیکھنے آؤ اور انعام پاؤ’ تک پہنچ گئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 10 میں شائقین کی دلچسپی اور تعداد بڑھانے کیلئے ہر میچ میں موٹر سائیکل کے علاوہ قیمتی انعامات شائقین کرکٹ کے منتظر ہوں گے۔
بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 10 کے ہر میچ میں ایک خوش قسمت ٹکٹ ہولڈر کو موٹر سائیکل انعام میں دی جائے گی، قرعہ اندازی میں گولوٹ لو کی ایپ جو موبائل فون پر پلے اسٹور اور ایپل اسٹور کے ذریعے ڈاؤنلوڈ ہوسکتی ہے بذریعہ آن لائن شرکت کرسکیں گے۔
شائقین کرکٹ میچ ٹکٹ کا کیوآرکوڈ گولوٹ لو کی ایپ پر اسکین کرکے قرعہ اندازی میں شامل ہوجائیں گے، جیتنے والے خوش نصیب کا نام میچ کے اننگز کے بریک کے دوران اناؤنس کیا جائے گا۔
پی ایس ایل ایکس کے ٹکٹ آن لائن حاصل کرنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں جبکہ ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہیں۔
پی ایس ایل کا بائیکاٹ کیوں کیا جا رہا ہے؟
واضح رہے کہ پیپسی کولا، میکڈونلڈز، کے ایف سی اور دیگر ایسی ملٹی نیشنل کمپنیوں، جو مبینہ طور پر اسرائیل کی حمایت کے باعث بائیکاٹ مہم کی زد میں ہیں، کی پی ایس ایل کے ساتھ انسپانسرشپ اشتراک کی وجہ پی ایس ایل ٹین کے بائیکاٹ کی مہم جاری ہے۔
ملک کی بعض مذہبی جماعتیں اور سوشل ایکٹوسٹس بائیکاٹ والی کمپنیوں کے انسپانسرشپ اشتراک کی وجہ سے پی ایس ایل کے بائیکاٹ کی مہم چلا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں پی ایس ایل ٹین میں عوام کی پہلی جیسی دلچسپی نظر نہیں آرہی۔
مبینہ طور پر اسی وجہ سے پی سی بی پی ایس ایل میں عوام کی دلچسپی بڑھانے کیلئے تماشائیوں کو انعامات دینے کا لالچ دینے پر اتر آیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








