معروف بھارتی اداکار پاریش راول نے حالیہ انٹرویو میں 1994 کی مزاحیہ فلم انداز اپنا اپنا کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان اور عامر خان کے کام کرنے کے انداز کا موازنہ کرتے ہوئے دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
پاریش راول کا کہنا تھا کہ سلمان خان ایک “قدرتی کرشمہ” رکھتے ہیں جبکہ عامر خان کا طریقہ کار انتہائی منظم مگر بسا اوقات خود ساختہ محسوس ہوتا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، پاریش راول نے ریڈیو نشا آفیشل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا سلمان ہوا کے جھونکے کی طرح ہوتے تھے، آتے، ہنستے، منظر مکمل کرتے اور چلے جاتے۔ ان میں ایک قدرتی کشش تھی، وہ سین میں گھل مل جاتے تھے۔
اس کے برعکس انہوں نے عامر خان کے بارے میں کہا کہ عامر ایک طریقہ کار سے کام کرتے تھے، ہر منظر کی باریکیوں پر گھنٹوں غور کرتے۔ بعض اوقات ان کا انداز قدرے مصنوعی لگتا تھا، جیسے کچھ بنا بنایا ہو لیکن نتیجہ ہمیشہ شاندار ہوتا تھا۔
انداز اپنا اپنا میں رام گوپال بجاج اور اس کے جڑواں بھائی تیجا کا یادگار دہرا کردار ادا کرنے والے پاریش راول نے بتایا کہ یہ فلم ان کے کیریئر کی ان چند یادگار فلموں میں سے ایک تھی جہاں شوٹنگ کے دوران ہی اداکار ہنسی میں لوٹ پوٹ ہو جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر کامیڈی فلموں کی مزاح شوٹنگ کے وقت محسوس نہیں ہوتی لیکن انداز اپنا اپنا میں ہم سب کو معلوم تھا کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ واقعی مزاحیہ ہے۔ راج جی (راج کمار سنتوشی) ہر منظر کو اس انداز میں بیان کرتے کہ ہمیں پہلے ہی ہنسی آ جاتی۔
پاریش راول کے ان بیانات نے سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں مداح سلمان خان کی “قدرتی اداکاری” اور عامر خان کی “پروفیشنلزم” کا موازنہ کر رہے ہیں۔
یہ فلم ابتدا میں باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ایک “کلٹ کلاسک” بن چکی ہے اور آج بھی مزاح کی دنیا میں اسے ایک منفرد مقام حاصل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








