پاکستانی سائنسدانوں نے دیسی مرغی سے زیادہ انڈے دینے والی مرغی تیار کرلی

تازہ ترین

تازہ ترین

اس مرغی کو یونی گولڈ کا نام دیا گیا ہے، علامتی فوٹو

پاکستانی سائنسدانوں نے “یونی-گولڈ” (Uni-Gold) نامی مرغی کی ایک نئی اور اعلیٰ نسل تیار کر لی ہے، جو سال کے 365 دنوں میں 200 دن تک انڈے دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو دیسی مرغیوں کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔

یہ کارنامہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈیپارٹمنٹ آف اینیمل ہسبنڈری نے سر انجام دیا ہے، جو اپنی نوعیت کی پہلی مقامی سائنسی پیش رفت ہے۔ اس نسل کو خاص طور پر پاکستان میں بدلتے ہوئے موسمی حالات اور دیہی علاقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

تحقیقی ٹیم کے مطابق “یونی-گولڈ کم خوراک پر گزارہ کرتی ہے، گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور عام دیسی مرغیوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ انڈے دیتی ہے، جو عموماً سال میں صرف 70 سے 80 انڈے دیتی ہیں۔”

یہ نسل خاص طور پر دیہی علاقوں میں کم دیکھ بھال کے نظام پر مبنی پولٹری فارمنگ کے لیے موزوں ہے۔ اس سے نہ صرف غذائی تحفظ اور غذائیت کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ کسانوں کے لیے ایک پائیدار ذریعہ معاش بھی فراہم ہو گا۔

متعلقہ حکام نے اس نئی نسل کو ملک بھر کے پولٹری فارمز تک پہنچانے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں، تاکہ مختلف زرعی علاقوں میں انڈے اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

Related Posts