وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی طرف سے کشیدگی اور سرحد ی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر مقرر کردیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اس وقت آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل ہیں، یہ عہدہ انہوں نے 30 ستمبر 2024 سے سنبھال رکھا ہے۔ وہ آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر مقرر ہونے والے پہلے پی ایچ ڈی ہولڈر ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر مقرر کیا گیا تھا، جب لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے اپنی ریٹائرمنٹ لی تھی۔
جنرل عاصم ملک نے جی ایچ کیو میں ایڈجوٹینٹ جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور اس سے قبل بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی۔
انہیں اپنے کورس میں “سورڈ آف آنر” بھی حاصل ہو چکا ہے، علاوہ ازیں وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) میں چیف انسٹرکٹر اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں انسٹرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کے گریجویٹ ہیں اور انہوں نے اپنے موجودہ عہدے سے پہلے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








