اداکار علی رحمان نے اپنی ذاتی زندگی کے راز کھول دیئے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ سوشل میڈیا)

پاکستان کے معروف اداکار علی رحمان خان نے ایک انٹرویو میں مردوں کے جذبات، رشتوں کے ٹوٹنے کے اثرات اور معاشرتی رویوں پر کھل کر گفتگو کی، جو عام طور پر مرد حضرات صرف دل میں چھپا کر رکھتے ہیں۔

گوہر رشید کے شو میں شرکت کے دوران علی رحمان نے نہ صرف اپنی ذاتی زندگی کے راز کھولے بلکہ معاشرے میں مردوں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کی بھی نشاندہی کی۔

علی رحمان نے کہا کہ جب کوئی رشتہ ٹوٹتا ہے، تو معاشرہ فوراً مرد کو قصوروار ٹھہرا دیتا ہے جبکہ عورت کے لیے ہمدردی اور افسوس کے جذبات سامنے آ جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ “لوگ سمجھتے ہیں کہ مرد کو دکھ نہیں ہوتا لیکن سچ یہ ہے کہ مرد بھی ٹوٹتے ہیں، وہ بھی روتے ہیں، صرف فرق یہ ہے کہ انہیں سکھایا جاتا ہے کہ اپنی تکلیف چھپاؤ، ورنہ تمہیں کمزور سمجھا جائے گا۔

اداکار نے بتایا کہ زندگی میں کئی بار قریبی رشتے چاہے وہ رومانوی ہوں یا خاندانی ختم ہوئے، جن کا درد گہرا اور دیرپا تھا۔ “میں ہر رشتے کو دل سے نبھاتا ہوں مگر اکثر الزام صرف مجھ پر ہی آتا ہے، چاہے میں غلط نہ بھی ہوں۔

انٹرویو کے دوران علی رحمان نے اپنے والدین سے تعلق پر بھی بات کی۔ انہوں نے اپنی والدہ کو اپنی بہترین دوست قرار دیا جبکہ والد کی سختی اور اصول پسندی کو اپنی شخصیت کی بنیاد قرار دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے والد نے کبھی میرے اداکار بننے پر اعتراض نہیں کیا، بس یہی کہا کہ اداکاری کے ساتھ کوئی مستقل نوکری بھی کرو تاکہ زندگی کا توازن برقرار رہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ علی رحمان نے اپنے کیریئر کا آغاز اقوامِ متحدہ میں ملازمت سے کیا لیکن بعد میں اپنی حقیقی خواہش کو اپناتے ہوئے مکمل طور پر اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کل والدین اور بچوں کا رشتہ بہت تبدیل ہو چکا ہے۔ “آج والدین بچوں کے دوست بن چکے ہیں، لیکن ہمارے وقت میں صرف والد کا چہرہ دیکھ کر ہی اندازہ ہو جاتا تھا کہ اب شاباش ملے گی یا ڈانٹ۔

یہ انٹرویو نہ صرف علی رحمان کی شخصیت کا ایک نیا پہلو سامنے لاتا ہے بلکہ مردوں کے جذباتی مسائل کو سمجھنے اور تسلیم کرنے کی ایک اہم بحث کا آغاز بھی کرتا ہے۔

Related Posts