آج امریکہ بھر میں یادگاری دن (Memorial Day) انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، یہ دن اُن امریکی فوجی سپاہیوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے مختص ہے، جنہوں نے ملک کی حفاظت اور آزادی کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔
یادگاری دن ہر سال مئی کے آخری پیر کو منایا جاتا ہے اور اسے 1971 میں باقاعدہ وفاقی تعطیل کے طور پر تسلیم کیا گیا۔ اس دن کی جڑیں “ڈیکوریشن ڈے” سے ملتی ہیں، جب امریکی شہری خانہ جنگی کے شہداء کی قبروں پر پھول چڑھایا کرتے تھے۔
میموریل ڈے کے موقع پر قومی قبرستانوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، اس دن ملٹری پریڈز، دعائیہ تقاریب اور قوم کے نام پیغامات بھی جاری کیے جاتے ہیں۔
یادگاری دن کے موقع پر امریکی پرچم کو نصف سرنگوں کردیا جاتا ہے جبکہ گھروں، دفاتر اور اسکولوں میں قومی پرچم لہرایا جاتا ہے
امریکی صدر اور اعلیٰ حکام آج کے دن مختلف فوجی یادگاروں پر حاضری دے کر ملک کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، خاص طور پر واشنگٹن ڈی سی میں واقع آرلنگٹن نیشنل سیمنٹری (Arlington National Cemetery) میں تقریباً ہر سال مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
یادگاری دن امریکی قوم کے لیے محض ایک تعطیل نہیں بلکہ اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کی علامت بن چکا ہے۔ عوام اس موقع پر گھریلو تقریبات، بیک یارڈ باربی کیوز، اور پرچم برداری جیسے انداز میں بھی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
یہ دن نہ صرف ماضی کے شہداء کی یاد دلاتا ہے بلکہ آج کے نوجوانوں میں ملکی خدمت اور قربانی کا جذبہ بھی پیدا کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








