پاک فوج نے دشمن کو اس کی زبان میں جواب دیتے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورک ”فتنہ الہندوستان“ کے 5 خونخوار دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا۔ یہ کاروائی بلوچستان کے دو مختلف اضلاع، لورالائی اور کیچ میں انٹیلیجنس بنیادوں پر کی گئی، جس نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
پہلا آپریشن ضلع لورالائی میں کیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ایک محفوظ ٹھکانے پر دھاوا بولا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار انتہائی خطرناک دہشتگردوں کو واصلِ جہنم کر دیا گیا۔ ان دہشتگردوں کا تعلق براہِ راست بھارت کے پراکسی گروپ سے تھا، اور یہ بارشام حملے سمیت درجنوں خونریز وارداتوں میں ملوث تھے۔
یہ وہی سفاک مجرم تھے جنہوں نے 26 اگست 2024 اور 18 فروری 2025 کو این-70 پر حملے کر کے 30 معصوم پاکستانیوں کی جان لی تھی۔ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
دوسرا آپریشن ضلع کیچ میں کیا گیا، جہاں ایک اور دہشتگرد کو ٹھوس انٹیلیجنس پر ہدف بنا کر مارا گیا۔ اس کارروائی سے ”فتنہ الہندوستان“ نیٹ ورک کو شدید دھچکا لگا، اور اس کی علاقائی سرگرمیوں میں واضح کمی متوقع ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے، اور پاکستان کی بہادر قوم دہشتگردی کے ہر چہرے کو بےنقاب کرنے اور بھارت کے زیرِ اثر نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ہم بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ ہر مجرم اور اس کا سہولت کار انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








