پاک فضائیہ کی جانب سے حالیہ دفاعی کارروائی میں بھارت کے تین رافیل جنگی طیارے تباہ کیے جانے کے بعد، فرانسیسی فوج نے پہلی مرتبہ اس واقعے پر ردعمل دیا ہے۔ فرانسیسی فوج کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی حقیقت جاننے کے لیے بھارت سے براہ راست معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، فرانسیسی ترجمان نے کہا کہ “لڑائی میں کئی طیارے شامل تھے، اس لیے ابھی تک مختلف پہلوؤں کی تصدیق باقی ہے۔ تاہم، اگر واقعی رافیل طیارے مار گرائے گئے ہیں تو یہ ان کی دو دہائیوں پر محیط آپریشنل سروس کا پہلا واقعہ ہوگا۔ ہم اس سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کے خواہاں ہیں۔”
فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے، جنہیں بھارت نے فرانس سے 36 کی تعداد میں خریدا تھا، جنوبی ایشیا میں بھارت کی فضائی برتری کی علامت سمجھے جاتے تھے۔ تاہم، حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے ان میں سے تین طیارے تباہ کر دیے، جس سے بھارت کی عسکری صلاحیت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ایک مسجد شہید ہوئی تھی اور کئی معصوم شہری جاں بحق ہوئے تھے، جس کے جواب میں پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے، جن میں رافیل بھی شامل تھے۔
ابتدائی طور پر بھارتی حکام نے اس شرمناک شکست کا اعتراف نہیں کیا، لیکن بھارتی فضائیہ کے ائیر مارشل نے ایک پریس بریفنگ میں بالآخر بالواسطہ تسلیم کر لیا کہ “جنگوں میں نقصان ہوتا ہے، لیکن میں اس کی تفصیل بیان کرکے دشمن کو فائدہ نہیں دینا چاہتا۔”
تجزیہ کاروں کے مطابق، رافیل کی ناکامی بھارت کے لیے نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی محاذ پر بھی ایک بڑا دھچکا ہے، خاص طور پر اس وقت جب فرانس نے خود اس معاملے پر وضاحت طلب کر لی ہے۔
پاکستانی عوام اور سوشل میڈیا صارفین نے اس کامیابی پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان کی دفاعی خودمختاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








