بھارت کی ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں “برارا” میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں دسویں جماعت کی ایک طالبہ کے پیٹ سے 210 سینٹی میٹر طویل بالوں کا گچھا نکالا گیا۔ لڑکی کو کئی دنوں سے پیٹ میں شدید درد اور متلی کی شکایت تھی، جس پر اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز نے مختلف ٹیسٹ کرنے کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا، جس کے دوران انکشاف ہوا کہ لڑکی کے پیٹ میں بالوں کا ایک بڑا گچھا موجود ہے۔ سرجری تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی جس کے بعد بالوں کا گچھا کامیابی سے نکال لیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق، یہ اب تک نکالا گیا سب سے بڑا بالوں کا گچھا ہے، جو اس سے قبل ریکارڈ شدہ 180 سینٹی میٹر لمبے گچھے سے بھی بڑا ہے۔
لڑکی کے گھر والوں کے مطابق اسے مٹی، لکڑی، دھاگا اور بال جیسی غیر معمولی اشیاء کھانے کی عادت بچپن سے تھی، جو چھٹی جماعت کے دوران دوسری بچیوں کو دیکھ کر پیدا ہوئی۔ ماہرین نے اس رویے کو ایک ذہنی عارضے “پیکا” سے جوڑا ہے، جس میں مریض کھانے کے قابل نہ ہونے والی چیزیں کھانے کی طرف مائل ہو جاتے ہیں۔
ڈاکٹرز نے اس کامیاب آپریشن کے بعد والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بچی کا نفسیاتی علاج بھی کروائیں تاکہ وہ آئندہ اس خطرناک عادت سے بچ سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








