سعودی وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ یوم عرفہ کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اپنے خیموں میں قیام کریں اور جبلِ رحمت یا مسجد نمرہ کی طرف نہ نکلیں، تاکہ سورج کی تیز دھوپ اور شدید گرمی سے محفوظ رہ سکیں۔
وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ حجاج کرام مقدس مقامات کے درمیان نقل و حرکت کے تمام مراحل میں متعلقہ حکام کی جانب سے منظور شدہ نظام کی سختی سے پابندی کریں اور اس کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ، طے شدہ ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت فراہم کردہ سفری ذرائع کا استعمال لازم ہے، اور مقررہ وقت کے دوران پیدل چل کر ایک مقام سے دوسرے مقام تک جانے سے اجتناب کیا جائے۔
وزارت نے اللہ کے مہمانان کو ہدایت کی ہے کہ وہ “نسک” کارڈ ہر وقت اپنے پاس رکھیں اور ضرورت پڑنے پر پیش کریں، کیوں کہ یہ ایک اہم شناختی دستاویز ہے جو حاجی تک پہنچنے اور ضرورت کے وقت مدد فراہم کرنے میں معاون ہوتی ہے۔ کارڈ کے ضیاع سے بچنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے خدمت فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے حجاج کو وزارت کی ان ہدایات کی پابندی کی اہمیت سے آگاہ کریں، تاکہ وہ اپنے مناسک اطمینان اور آسانی کے ساتھ مکمل کر سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








