ایرانی میڈیا کا عراق میزائل حملوں میں امریکا کے 80 سپاہیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

تازہ ترین

تازہ ترین

ایرانی میڈیا کا عراق میزائل حملوں میں امریکا کے 80 سپاہیوں کی ہلاکت کا دعویٰ
ایرانی میڈیا کا عراق میزائل حملوں میں امریکا کے 80 سپاہیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

تہران: ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں میں ہم نے 15 میزائل حملے کیے جن کے نتیجے میں کم از کم 80 امریکی سپاہی ہلاک ہوئے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی چینل نے کہا کہ ایران کی طرف سے داغے گئے کسی میزائل کو مداخلت یا فضا میں ہی تباہ کیے جانے کی کوئی اطلاع نہیں۔ ایک سینئر انقلابی گارڈ کے حوالے سے کہا گیا کہ خطے میں 100 دیگر اہداف بھی مقرر ہیں۔

ایرانی سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق اگر امریکا کی طرف سے کوئی جوابی کارروائی کی گئی تو خطے میں مقرر 100 دیگر اہداف پر بھی حملہ کیا جاسکتا ہے۔

سرکاری چینل کے مطابق حملوں کے دوران امریکی ہیلی کاپٹر اور عسکری سازو سامان کو بری طرح نقصان پہنچا۔ ایران نے عراق میں امریکا کی سربراہی میں کام کرنے والی فورسز پر آج صبح کے وقت حملہ کیا۔

دوسری جانب امریکی عسکری ادارے پینٹا گون نے کہا کہ ایران نے  عراق میں ایک درجن سے زائد میزائلوں سے امریکی فوج اور اتحادی فورسز پر حملہ کیا جبکہ ہم نقصان کا تخمینہ لگانے میں مصروف ہیں۔

پینٹا گون کے مطابق یہ واضح ہے کہ میزائل ایران کی طرف سے داغے گئے جن میں کم از کم 2 عراقی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ تنصیبات الاسد اور اربل کے مقام پر واقع ہیں جہاں امریکی و اتحادی فورسز تعینات ہیں۔

حملے میں زخمی ہونے والے افراد کے حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں، تاہم جنگ کے بڑھتے ہوئے خدشات کے تناظر میں پینٹا گون حکام کا کہنا ہے کہ ہم ایسے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکاایران کشیدگی اور امریکی ہوائی اڈوں پر میزائل حملوں کے تناظر میں پاکستانی وزارتِ خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے عراق جانے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان وزارتِ خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ خطے کی سیکورٹی صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستانیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں:  عراق جانے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

Related Posts