محمد حارث نے بابر اعظم کا ریکارڈ ماضی کا قصہ بنا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا ایک یادگار لمحہ اُس وقت دیکھنے کو ملا جب پاکستان کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے بنگلادیش کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار اننگز کھیل کر بابر اعظم کا قائم کردہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔

پاکستانی ٹیم کے اس ابھرتے ہوئے اسٹار نے صرف 45 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور مجموعی طور پر 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اس اننگز میں 11 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 227.65 رہا، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کسی پاکستانی بلے باز کی سنچری کے ساتھ سب سے بلند اسٹرائیک ریٹ ہے۔

یہ کارکردگی نہ صرف پاکستان کو میچ جتوانے میں فیصلہ کن ثابت ہوئی بلکہ حارث کو “پلیئر آف دی میچ” کا اعزاز بھی دلا گئی۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ بابر اعظم کے پاس تھا جنہوں نے 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 122 رنز کی اننگز میں 216.07 کا اسٹرائیک ریٹ حاصل کیا تھا لیکن اب محمد حارث نے اس ریکارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ حارث پاکستان کے لیے دوسرے تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری میکر بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں صرف حسن نواز ان سے آگے ہیں، جنہوں نے مارچ 2025 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 44 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔

حارث کی یہ اننگز پاکستان کرکٹ کے لیے نہ صرف فخر کا باعث بنی بلکہ ایک نئے میچ ونر کی جھلک بھی دکھا گئی۔ کرکٹ ماہرین اور شائقین اس شاندار کارکردگی کو مستقبل میں پاکستان کی بیٹنگ لائن کی ایک نئی طاقت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

Related Posts