سورج کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوسکا، ملک میں شدید گرمی، آج درجہ حرارت کتنا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Met Office issues heatwave alert for country from today
ONLINE

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک میں شدید گرمی کی لہر کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ یہ وارننگ ملک کے مختلف حصوں میں فضائی دباؤ کے بڑھنے کے باعث جاری کی گئی ہے جس سے درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، وسطی و بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

اسی طرح بالائی و وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہو سکتا ہے۔

شدید گرمی کے باعث ملک کے میدانی علاقوں میں گردآلود آندھیوں اور تیز ہواؤں کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام، خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو سخت گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو براہِ راست دھوپ سے بچنے اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا ہے تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔

بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ متوقع ہے، جو دریاؤں کے بہاؤ کو متاثر کر سکتا ہے۔

گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہا۔ جیکب آباد میں سب سے زیادہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ، دادو اور سبی میں 49 ڈگری جبکہ بہاولنگر، رحیم یار خان اور شہید بینظیر آباد میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

Related Posts