پاکستان نے بھارتی میڈیا کی یہ دعویٰ سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستانی نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ ہم یہ دعویٰ مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے بعد جنگ بندی کی کوئی درخواست کی۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے میڈیا انٹرویوز اور بیانات میں واضح طور پر کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جو کہ اپنے دفاع کے حق کے تحت دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے سلسلے میں دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب اور خصوصی طور پر امریکا نے کلیدی کردار ادا کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ واقعات کی ترتیب سے بالکل واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نے نہ تو جنگ بندی کی پہل کی، نہ کسی سے درخواست کی بلکہ 10 مئی 2025 کو صبح 8 بج کر 15 منٹ پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو کال کی اور بتایا کہ اگر پاکستان آمادہ ہو تو بھارت جنگ بندی کے لیے تیار ہے۔
ترجمان کے مطابق اس پر نائب وزیر اعظم نے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی قبول کرنے کی تصدیق کی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس کے بعد تقریباً صبح 9 بجے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے بھی سینیٹر اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور یہی بات دہرائی جو اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بتا چکے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








