کراچی: ٹک ٹاکر لڑکی منشیات سپلائی کرتے ہوئے پکڑی گئی، ہوشربا انکشافات

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ایکسپریس

کراچی کی درخشاں پولیس کے ہاتھوں منشیات سپلائی کرنے کے الزام میں گرفتار ٹک ٹاکر لڑکی کی ابتدائی انٹروگیشن رپورٹ سامنے آگئی جبکہ ملزمہ اس سے قبل بھی 2 مرتبہ چوری کے مقدمات میں گرفتار ہوچکی ہے۔ 

درخشاں پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ نے انکشاف کیا ہے کہ پوش علاقوں میں پارٹیوں میں آنا جانا شروع کیا۔ وہاں سے آئس اور کوکین کا نشہ کرنے لگی اور منشیات کی سپلائی کا کام بھی شروع کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ اس سے قبل بھی 2 مرتبہ چوری کے مقدمات میں گرفتار ہوچکی ہے۔ ملزمہ نے دوران تفتیش کچھ نام لیے ہیں جن کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔

درخشاں پولیس نے انٹیلی جنس بنیاد پر ڈیفنس فیز 5 چھبیس اسٹریٹ خیابان بدر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ملزمہ بابرہ عرف بیبو بلوچ دختر محمد رانجھا کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے آئس برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق گرفتار منشیات فروش ملزمہ کا نام اسپیشل برانچ کی بی کیٹیگری کی فہرست میں شامل ہے اور وہ ٹک ٹاکر ہے۔ ملزمہ کے مطابق وہ ماڈلنگ بھی کر چکی ہے اور اس سے قبل پولیس کے ہاتھوں گرفتار بھی ہوچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملزمہ نے بتایا کہ اس کی پیدائش گلشن اقبال کی ہے اور اس نے انٹر تک تعلیم حاصل کی ہوئی ہے۔ ملزمہ نے بتایا کہ 2007 میں اس نے ماڈلنگ شروع کی۔ والد نے والدہ کو طلاق دے دی تھی اور والدہ نے 2017 میں دوسری شادی کرلی تھی جبکہ 2020 میں والد کا انتقال ہوگیا تھا۔

والدہ کے دوسرے شوہر سے دو بچے ہیں، جن سے آئے روز جھگڑا ہونے پر مسلم کمرشل میں فلیٹ لے لیا اور وہیں شفٹ ہوگئی اور ماڈلنگ کا کام کرتی رہی۔ ساتھ ساتھ ٹک ٹاک پر بھی ویڈیوز بنانا شروع کیں اور مشہور ہوگئی۔ اس دوران میں نے پارٹیوں میں آنا جانا شروع کردیا۔ جہاں میں آئس اور کوکین کا نشہ کرنے لگی اور ڈیفنس میں منشیات کی سپلائی کا کام بھی شروع کیا اور اس کام کے لیے بھی سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔

Related Posts