کراچی میں سمندری ہوائیں ایک بار پھر بحال ہو گئی ہیں جس کے باعث شہر کا موسم مرطوب ہو چکا ہے،ہوا میں نمی کا تناسب غیرمعمولی طور پر بڑھ گیا ہے اور شہریوں کو گرمی کے ساتھ ساتھ چپ چپاہٹ کا احساس بھی ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
جنوبی مغرب کی جانب سے ہلکی رفتار سے چلنے والی ہوائیں نمی کے ساتھ ماحول کو مزید بھاری بنا رہی ہیں۔ نمی کا تناسب 75 فیصد کے قریب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر کے کچھ علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بوندا باندی ہوئی اور محکمہ موسمیات نے شام اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی اور حبس کی شدت میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔
وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں مزید بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں جیسے خوشاب، جھنگ، سرگودھا اور فیصل آباد میں بھی ہلکی اور تیز بارش کے بعد موسم میں تبدیلی آئی ہے جبکہ کئی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے مقامی سطح پر موسم میں نرمی آ سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








