کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک اور موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں ویٹا چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جان کی بازی ہار گیا۔
موٹر سائیکل سوار کی شناخت 50 سالہ محمد ہاشم کے نام سے کرلی گئی ہے، جاں بحق شخص کی لاش پہلے جناح اسپتال منتقل کی گئی، پھر لاش کو اسپتال سے چھیپا سرد خانے منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ صبح سویرے پیش آیا، متوفی کے اہل خانہ سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک جیسے ڈمپرز، ٹینکرز، ٹریلرز اور بسوں کی ٹکر سے آئے دن موٹر سائیکل سوار شہریوں کی اموات ہوتی ہیں، جن کی مجموعی وجوہات میں تیز رفتاری اور گاڑیوں میں خرابیوں سمیت کراچی کی خراب سڑکیں بھی شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








