سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری ایشین 6 ریڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کے تینوں مایہ ناز کیو ماسٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
دفاعی چیمپئن اویس منیر، عالمی چیمپئن محمد آصف اور سابق عالمی نمبر 2 محمد سجاد نے اپنے اپنے میچز جیت کر پاکستان کا پرچم ایک بار پھر فخر سے بلند کر دیا۔
چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی فتح کی روایات برقرار رہیں۔ اویس منیر نے بھارت کے پشپندر سنگھ کو سخت مقابلے کے بعد 2-4 سے زیر کر کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی۔ اویس پہلے ہی دو میچز جیت چکے تھے، اور یہ فتح ان کی پری کوارٹر تک یقینی رسائی کا باعث بنی۔
دوسری جانب عالمی چیمپئن محمد آصف نے بھی اپنے تجربے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے عمان کے عبداللہ رئیسی کو 0-4 سے باآسانی شکست دی۔ اگلے میچ میں اگرچہ وہ میزبان سری لنکن کیوئسٹ ارشاتھ محمد طحٰہ سے سخت مقابلے کے بعد 4-3 سے ہار گئے، لیکن پوائنٹس کی بنیاد پر وہ پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد نے بھی اپنی مہارت کا سکہ جما دیا۔ انہوں نے سری لنکا کے محمد مشرف کو 0-4 سے آؤٹ کلاس کر کے اگلے مرحلے کی راہ ہموار کی۔
پاکستانی کیوئسٹوں کی یہ کارکردگی ایک بار پھر اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اسنوکر میں ایشیا کا بڑا نام بن چکا ہے۔ اب نظریں پری کوارٹر فائنل پر جمی ہیں جہاں قومی کھلاڑیوں کو مزید سخت حریفوں کا سامنا کرنا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








