ایران سے بجلی کی فراہمی اچانک بند ہونے کے بعد بلوچستان کے مکران ڈویژن میں پیدا ہونے والے بجلی بحران پر فوری ردعمل دیتے ہوئے کیسکو نے علاقے کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر کے بجلی بحال کر دی ہے۔
ترجمان کیسکو کے مطابق، ایران سے مکران کے علاقوں کو فراہم کی جانے والی 200 میگاواٹ بجلی دوپہر 12 بجے اچانک منقطع ہو گئی تھی۔ اس کے بعد صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے نیشنل گرڈ اسٹیشنز سے متبادل بجلی کی فراہمی شروع کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تربت، ہوشاب، پنجگور، گوادر، ڈور، پسنی اور اورماڑہ جیسے اہم علاقوں میں مرحلہ وار بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ باقی ماندہ فیڈرز کو بھی جلد از جلد بحال کرنے کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق، کیسکو اور ایرانی حکام مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ایران سے بجلی کی سپلائی جلد بحال کی جا سکے۔ ایران سے آنے والی بجلی کی بندش کے اسباب تاحال واضح نہیں ہوئے، تاہم دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے فوری بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ مکران ڈویژن کے تین بڑے اضلاع ، گوادر، کیچ اور پنجگور کی بجلی کی ضروریات کا بڑا حصہ ایران سے آتا ہے اور ایسے میں نیشنل گرڈ سے بروقت کنکشن ایک بڑی پیش رفت ثابت ہوا ہے۔
ترجمان کیسکو نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران سے بجلی کی دوبارہ فراہمی کے بعد صورتحال مکمل طور پر معمول پر آ جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








