دلجیت دوسانجھ اور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی فلم نے عالمی ریکارڈ توڑ دیے، بھارت میں پابندی ناکام، سردار جی 3 کو سال کی سب سے کامیاب پنجابی فلم قراردیدیا گیا۔
پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی رومانوی کامیڈی فلم ’سردار جی 3‘ نے دنیا بھر میں باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے حالانکہ اسے بھارت میں ریلیز ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم پنجابی بولنے والے ناظرین نے فلم کی کامیابی سے بھارتی حکومت کو ایک واضح پیغام دیا ہے ۔
انتہا پسند بھارتی حلقوں کی تنقید کے باوجود یہ فلم عالمی سطح پر 42 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوچکی ہے اور سال 2025 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی فلم بن گئی ہے۔
اس کے علاوہ یہ فلم پنجابی سینما کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بارہویں فلم کے طور پر بھی ریکارڈ پر آ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم نے صرف پاکستان میں ریلیز کے پہلے ہفتے میں ہی 7 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی جو اس کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت میں فلم پر اس وقت پابندی عائد کی گئی جب فلم سازوں نے ہانیہ عامر کو کاسٹ سے نکالنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس فیصلے پر بھارت بھر میں شدید تنقید کی گئی اور مودی حکومت کو فرقہ وارانہ اور انتہا پسند ثقافتی پالیسیوں پر آڑے ہاتھوں لیا گیا۔
فلم کے پروڈیوسرز اور دلجیت دوسانجھ نے بین الاقوامی ریلیز پر توجہ دی اور نتیجہ یہ نکلا کہ کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا جیسے ممالک میں جہاں بڑی تعداد میں پنجابی کمیونٹی آباد ہے، وہاں فلم کو زبردست کامیابی ملی۔
بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے بھی پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی سخت مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر اعتراض نہیں، تو فنکاروں پر پابندی کیوں؟
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی پنجاب اور پاکستان کے درمیان زبان اور ثقافت کا گہرا رشتہ ہے خاص طور پر سکھ اور پنجابی برادری کے درمیان۔ ان کے مطابق فن اور ثقافت کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








