نیپال میں مقیم ڈنمارک کی ایک غیرملکی انفلوئنسر فریڈریکا اُس وقت سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئیں جب انہوں نے ایک بھارتی پاپڑ کے پیکٹ پر موجود تصویر کو دیکھ کر معروف اداکار امیتابھ بچن کو پاپڑ فروش قرار دے دیا۔
فریڈریکا نے اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں ایک مشہور بھارتی مونگ دال پاپڑ کا پیکٹ دکھاتے ہوئے نہایت سنجیدگی سے کہا کہ یہ آدمی بہت مزیدار پاپڑ بناتا ہے، کیا کسی کو معلوم ہے کہ یہ کہاں سے ملتے ہیں؟ میرا اسٹاک ختم ہونے والا ہے۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اس پیکٹ پر دراصل بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی تصویر چھپی تھی، جو ممکنہ طور پر اشتہاری مہم کا حصہ رہی ہوگی تاہم انفلوئنسر کو ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا اور انہوں نے واقعی انہیں کسی مقامی پاپڑ فروش سمجھ لیا۔
ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے اس پر خوب دلچسپ تبصرے کیے، کچھ نے ہنستے ہوئے فریڈریکا کی معصومیت کو سراہا تو کچھ نے امیتابھ بچن کی عالمی شہرت پر حیرت کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان میں کئی برانڈز معروف شخصیات کی تصاویر مصنوعات کی پیکنگ پر استعمال کرتے ہیں، اور یہی چیز بسا اوقات ایسی مزاحیہ غلط فہمیوں کو جنم دے دیتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








