پنجاب پولیس کی لیڈی سب انسپکٹر کنول زہرہ نے انسانیت، وفاداری اور قربانی کی ایک ایسی بے مثال داستان رقم کی ہے جو نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ پورے معاشرے کے لیے فخر اور حوصلے کا باعث بن گئی ہے۔ ضلع ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والی یہ باہمت اور بہادر خاتون افسر اپنے شوہر کی زندگی بچانے کے لیے خود آگے بڑھیں اور اپنا گردہ عطیہ کر دیا۔
لیڈی سب انسپکٹر کنول زہرہ کا یہ غیر معمولی اور عظیم قدم محض ازدواجی رشتے کی پاسداری نہیں بلکہ ایک ایسی قربانی ہے جو جرأت، محبت اور ایثار کی اعلیٰ مثال بن چکی ہے۔ لاہور کے ایک معروف ہسپتال میں گردے کی پیوندکاری کا عمل کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، جہاں کنول زہرہ اس وقت زیرِ علاج ہیں۔
*پنجاب پولیس کی بہادر خاتون آفیسر اور دلیر بیوی ضلع ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والی پنجاب پولیس کی لیڈی سب انسپکٹر کنول زہرہ نے اپنے شوہر کو نئی زندگی بخش دی*
*لیڈی سب انسپکٹر کنول زہرہ نے اپنے شوہر کو اپنا گردہ عطیہ کردیا*
*لیڈی سب انسپکٹر نے اپنے شوہر کو گردہ ڈونیٹ کر کے… pic.twitter.com/5TW4bUvcbP
— Iram (Summan) Dar ♌ (@summandar01) July 13, 2025
اس دل چھو لینے والے عمل کی خبر جیسے ہی منظر عام پر آئی، عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر کنول زہرہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔
لوگ انہیں محبت کی محافظ اور پنجاب پولیس کا فخر جیسے خطابات سے نواز رہے ہیں۔ شہریوں کی جانب سے دونوں میاں بیوی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پنجاب پولیس کی یہ باوقار آفیسر نہ صرف قانون کے محافظ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں بلکہ انسانیت کے جذبے سے سرشار ہو کر اس معاشرے میں قربانی، وفاداری اور حوصلے کی ایک روشن مثال بھی قائم کر چکی ہیں۔ ان کا یہ جذبہ آنے والے وقتوں میں معاشرتی رویوں کو مثبت انداز میں بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








