افغانستان کی طالبان حکومت نے توہین رسالت کے مجرم کو پھانسی کی سزا سنا دی۔
طالبان عبوری حکومت کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر (اصلاح معاشرہ ڈیپارٹمنٹ) کے ترجمان سیف الاسلام خیبر کے مطابق صوبہ پکتیکا کے علاقے جانی خیل میں عبد العلیم خاموش نامی شہری نے اسلامی شعائر اور خاص طور پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی شان میں گستاخی کا اعتراف کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مجرم کی جانب سے اعتراف جرم کے بعد عدالت نے سزائے موت سنا دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق مجرم عبد العلیم پیشے سے اسکول ٹیچر ہے جسے 20 روز قبل گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق یہ سزا تحقیقات اور ملزم کے اعتراف کے بعد سنائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جرم “گناہ کبیرہ” اور “سنگین جرم” شمار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ سزا ایسے وقت میں سنائی گئی ہے جب طالبان اسلامی مقدسات کی توہین کے الزام میں کئی افراد کو سزا دے چکے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ سزا کب نافذ کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








