قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 مظفر گڑھ میں ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی گہما گہمی شروع ہو چکی ہے۔ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عمل جاری ہے اور اسی دوران ایک دلچسپ منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب مرحوم عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ دانیہ شاہ کے شوہر حکیم شہزاد اپنی دو بیویوں کے ہمراہ کاغذات جمع کرانے پہنچ گئے۔
حکیم شہزاد کی جانب سے سیاسی انٹری نے میڈیا اور عوام کی توجہ حاصل کر لی، ان کے ہمراہ دانیہ شاہ بھی موجود تھیں جنہوں نے خاموشی سے شوہر کی انتخابی دستاویزات کی تیاری میں معاونت کی۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن پنجاب اسمبلی حماد نواز ٹیپو نے بھی باقاعدہ طور پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے ہیں، جس سے حلقے میں انتخابی مقابلہ دلچسپ ہوتا جا رہا ہے۔
یہ نشست جمشید دستی کی عدالتی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب 10 ستمبر 2025 کو منعقد ہوں گے۔
حلقے میں امیدواروں کی آمد کے ساتھ ہی انتخابی مہم کا ماحول بھی گرم ہونے لگا ہے۔ عوامی سطح پر سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ رہی ہے اور مختلف جماعتیں اپنے امیدواروں کی حمایت میں سرگرم دکھائی دے رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








