پنجاب کے ضلع بہاولنگرکی تحصیل فورٹ عباس کے نواحی قصبے شہباز والا میں واقع 28 والا پھاٹک کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔
ویڈیو میں ایک کم عمر لڑکی کو زبردستی موٹرسائیکل پر بٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ وہ مسلسل مزاحمت کرتی اور چیختی چلاتی دکھائی دیتی ہے۔
عینی شاہدین اور ابتدائی معلومات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مبینہ طور پر لڑکی کے والد اور چچا زاد بھائی نے اسے زبردستی ایک ایسے نکاح کے لیے لے جانے کی کوشش کی جس پر وہ راضی نہ تھی۔
ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی کو بازو سے پکڑ کر گھسیٹا جا رہا ہے اور زبردستی موٹرسائیکل پر بٹھایا جارہا ہے جبکہ اردگرد موجود لوگ بے بسی سے یہ منظر دیکھتے رہ گئے۔
واقعے کے منظرعام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل شدید ہو گیا ہے۔
صارفین کی بڑی تعداد نے اس فعل کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگز کے ذریعے متاثرہ لڑکی کو انصاف دلوانے کی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے۔
تھانہ فورٹ عباس کی حدود میں لڑکی کو زبردستی لے کر جانے کا معاملہ، ڈی پی او کامران اصغر کا نوٹس، مقدمہ درج، ملزمان گرفتار، ابتدائی تحقیقات کے مطابق سامنے آیا ہے کہ ملزمان لڑکی کا والد اور پھوپی زاد بھائی ہیں، زبردستی لیجانے والے افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، pic.twitter.com/c0zQyCVGV1
— Bahawalnagar Police (@Dpobahawalnagar) July 24, 2025
واضح رہے کہ تھانہ فورٹ عباس کی حدود میں لڑکی کو زبردستی لے کر جانے کے معاملے پر ڈی پی او کامران اصغر نے نوٹس لے لیا، جس پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق سامنے آیا ہے کہ ملزمان لڑکی کا والد اور پھوپی زاد بھائی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








