برمنگھم: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) 2025 کے فائنل میں آج پاکستان چیمپئنز اور جنوبی افریقہ چیمپئنز کا ٹاکرا ایجبسٹن اسٹیڈیم، برمنگھم میں ہوگا، یہ سنسنی خیز مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔
پاکستانی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست رہی ہے اور گروپ مرحلے میں بہترین کارکردگی کے بعد سیمی فائنل میں بھارت چیمپئنز کی جانب سے میچ سے دستبرداری کے باعث براہ راست فائنل میں پہنچی ہے۔
اس اہم میچ سے قبل پاکستان کے معروف آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ وہ ڈاکٹروں کے مشورے پر فائنل میں شرکت نہیں کر رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کے خلاف سیمی فائنل ہوتا تو وہ ممکنہ طور پر درد کو نظرانداز کر کے میدان میں اترنے کی کوشش کرتے۔
شاہد آفریدی نے مانچسٹر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش تھی کہ میں فائنل میں شرکت کروں، خاص طور پر اگر بھارت سے سیمی فائنل ہوتا مگر ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز بھارت چیمپئنز نے سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان چیمپئنز فائنل میں پہنچ گئے۔
اس فیصلے کی تصدیق ڈبلیو سی ایل کے سرکاری فیس بک صفحے پر بھی کی گئی، جہاں لیگ کی انتظامیہ نے بیان جاری کیا کہ ڈبلیو سی ایل میں ہمارا ہمیشہ ماننا رہا ہے کہ کھیل دنیا میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں تاہم عوامی جذبات کا احترام کرنا بھی ہماری اولین ترجیح ہے۔
شائقین کرکٹ آج کے اس اہم فائنل میں پاکستان ٹیم سے شاندار کارکردگی کی توقع رکھے ہوئے ہیں، خصوصاً اس بات کے بعد کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں تسلسل کے ساتھ عمدہ کھیل پیش کیا ہے۔
فائنل میں شاہد آفریدی کی غیر موجودگی کے باوجود پاکستان چیمپئنز کا حوصلہ بلند ہے، اور پوری قوم کی نظریں ٹیم کی فتح پر مرکوز ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








