وفاقی حکومت نے سرکاری سکیم کے تحت رجسٹرڈ حجاج کرام سے کل بروز پیر 4 اگست سے حج اخراجات کی پہلی قسط جمع کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔
رجسٹرڈ حجاج جو لانگ حج پیکج کا انتخاب کر رہے ہیں انہیں پہلی قسط کے طور پر 5 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے جبکہ شارٹ حج پیکج منتخب کرنے والوں کو 5 لاکھ 50 ہزار روپے جمع کرانے ہوں گے۔ حجاج کرام کے لیے 4 سے 9 اگست تک پہلی قسط جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
غیر رجسٹرڈ حجاج سے درخواستیں 11 اگست سے وصول کی جائیں گی۔ یہ حجاج 16 اگست تک نامزد بینکوں میں اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ سرکاری حج سکیم کے کوٹے کے مکمل ہونے پر درخواستوں کا عمل روک دیا جائے گا۔ حج اخراجات کی دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی۔
سرکاری ہدایات کے مطابق صرف وہ حجاج جو یکم مارچ 2014 سے پہلے پیدا ہوئے ہیں حج ادا کرنے کے اہل ہوں گے۔ اس کے علاوہ، خواتین حجاج بغیر محرم کے حج کے لیے مخصوص فارم بینکوں سے حاصل کر کے جمع کروا کر حج ادا کر سکیں گی۔
درخواست دہندگان کے لیے گھر بیٹھے آن لائن درخواست دینے اور حج اخراجات ادا کرنے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔
حکومت نے غیر رجسٹرڈ حجاج سے بھی درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ خدشہ ہے کہ 12 لاکھ حجاج کے کوٹے کو 4 لاکھ 50 ہزار رجسٹرڈ درخواست دہندگان سے پورا نہ کیا جا سکے۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق متوقع سے کم درخواستیں موصول ہونے کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر رجسٹرڈ حجاج کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








