المناک حادثہ، بائیک کی چین میں برقع پھنسنے کی وجہ سے گرنے والی خاتون کو ریڈ بس نے کچل دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ڈان

کراچی میں ٹریفک کا المناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں شاہ فیصل کالونی پل پر ایک خاتون ریڈ بس کی زد میں آکر جاں بحق جبکہ نوزائیدہ بچی زخمی ہوگئی۔

ایس ایچ او شرافی گوٹھ قمر عباس کے مطابق خاتون اپنے شوہر کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار تھیں کہ شاہ فیصل کالونی سے کورنگی کی جانب جانے والے پل سے نیچے اترتے وقت خاتون کا برقع موٹر سائیکل کی چین میں پھنس گیا، جس کے باعث خاتون اپنی پانچ ماہ کی بیٹی سمیت سڑک پر گرگئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والی پیپلز بس سروس کے تحت چلنے والی ریڈ بس نے خاتون کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد بس ڈرائیور بس کو جائے وقوع پر چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ریڈ بس کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور پیپلز بس سروس سے ڈرائیور کی تفصیلات حاصل کرکے اس کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ خاتون کی لاش اور بچی کو زخمی حالت میں چھیپا ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں جاں بحق خاتون کی شناخت 30 سالہ اقرا اور 5 ماہ کی بچی کی شناخت صبیحہ خالد کے نام سے ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ بچی کو جناح اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ خاتون کی لاش کا میڈیکل معائنہ کیا گیا۔

ایس ایچ اوتھانہ شرافی گوٹھ نے مزید بتایا کہ حادثے کی اطلاع اتوار کو شام تقریباً 6:40 بجے موصول ہوئی، ابتدائی اطلاعات میں خاتون کے چنگچی رکشے سے گرنے کا ذکر تھا، تاہم تحقیقات سے یہ واضح ہوا کہ خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار تھیں اور چین میں برقع پھنسنے کی وجہ سے حادثہ  پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ متوفیہ کے اہل خانہ بغیر کسی قانونی کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ترجمان چھیپا ویلفیئر چوہدری شاہد کے مطابق حادثے کے سبب متوفیہ خاتون کے سر پر شدید نوعیت کے زخم آئے جبکہ شیر خوار بچی کے جسم پر بھی مختلف حصوں پر خراشیں آئی ہیں۔

Related Posts