آج کے دور میں جب ہر چیز میں ملاوٹ کا خطرہ منڈلانے لگا ہے گھروں میں استعمال ہونے والا آٹا بھی اس سے محفوظ نہیں۔ چاہے روزمرہ کی روٹی ہو یا تہواروں کے پکوان، خالص آٹے کی ضرورت ہر گھر کی اولین ترجیح ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ مارکیٹ سے خریدا گیا آٹا واقعی خالص ہے یا اس میں ملاوٹ کی گئی ہے؟ فکر نہ کریں آپ کو لیبارٹری جانے کی ضرورت نہیں۔ چند آسان گھریلو طریقوں سے آپ آٹے کی کوالتی کی پہچان کر سکتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ کس طرح آپ اپنے آٹے کی اصلیت کو پرکھ سکتے ہیں۔
خوشبو سے جانچیں
خالص گندم کا آٹا ہلکا میٹھا اور تازہ خوشبو دیتا ہے جو فطرت سے جڑی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ اگر آٹے سے باسی، تیز یا کیمیکل جیسی بو آتی ہے تو یہ ملاوٹ کی نشانی ہو سکتی ہے۔ اپنی ناک پر بھروسہ کریں، کیونکہ یہ آپ کو فوراً الرٹ کر دے گی۔
پانی کا جادوئی ٹیسٹ
یہ ایک سادہ مگر مؤثر طریقہ ہے۔ ایک گلاس صاف پانی میں آدھا چمچ آٹا ڈالیں اور ہلائیں۔ اگر آٹا پانی میں گھل کر نیچے بیٹھ جاتا ہے تو یہ خالص ہے۔ لیکن اگر پانی کی سطح پر کوئی تہہ بنتی ہے یا کوئی چیز تیرتی دکھائی دیتی ہے تو سمجھ لیں کہ آٹے میں نشاستہ یا چاک پاؤڈر جیسی چیزیں ملائی گئی ہیں۔
کاغذ جلائیں اور اصلیت جانیں
یہ روایتی ٹوٹکا بھی بہت کارآمد ہے۔ ایک سفید کاغذ پر تھوڑا سا آٹا چھڑکیں اور اسے آگ لگائیں۔ خالص آٹا جلتے وقت ہلکی سی مٹی جیسی خوشبو خارج کرتا ہے۔ اگر اس کے برعکس تیز یا کیمیائی بدبو آئے تو آٹے میں ملاوٹ کا امکان ہے۔
ہاتھوں سے رگڑ کر چیک کریں
خالص آٹا ہتھیلیوں کے درمیان رگڑنے پر نرم اور ہموار لگتا ہے۔ اگر آٹا چپچپا، دانے دار، یا کیمیکل جیسا محسوس ہو تو اسے استعمال کرنے سے گریز کریں۔ ملاوٹ شدہ آٹا اکثر ہاتھوں پر چپکنے لگتا ہے یا غیر فطری احساس دیتا ہے۔
چوکر کی موجودگی پرکھیں
صحت مند گندم کے آٹے میں ہلکی سی چوکر ضرور ہوتی ہے جو فائبر سے بھرپور ہوتی ہے۔ اگر آپ کے آٹے میں چوکر بالکل نظر نہ آئے یا بہت کم ہو تو یہ اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ آٹے میں باریک میدہ یا دیگر چیزیں ملائی گئی ہیں۔
ملاوٹ نہ صرف ہماری صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے بلکہ یہ ہمارے کھانے کے ذائقے اور غذائیت کو بھی متاثر کرتی ہے۔ خاص طور پر تہواروں کے موسم میں، جب آٹے کی مانگ بڑھ جاتی ہے ملاوٹ کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ان سادہ گھریلو ٹوٹکوں کی مدد سے آپ نہ صرف اپنے پیسوں کی بچت کر سکتے ہیں بلکہ اپنی اور اپنے خاندان کی صحت کی حفاظت بھی کر سکتے ہیں۔
تو آج ہی ان طریقوں کو آزمائیں اور یقینی بنائیں کہ آپ کا آٹا خالص اور صحت بخش ہے۔ اپنے باورچی خانے کی پاکیزگی کو یقینی بنائیں کیونکہ آپ کی صحت آپ کی ترجیح ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








