کراچی: پاکستان میں بدھ کے روز سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قدر میں ہونے والا اضافہ بتایا جا رہا ہے، نئی قیمتوں کا اعلان آج سہ پہر کیا جائیگا تب تک بدھ کی قیمتوں پر ہی کاروبار ہوگا۔
آل پاکستان صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق خالص 24 قیراط فی تولہ سونا 1300 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 59 ہزار 300 روپے میں فروخت ہوا جبکہ گزشتہ کاروباری روز اس کی قیمت 3 لاکھ 58 ہزار روپے تھی۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1114 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 3 لاکھ 8 ہزار 41 روپے تک جا پہنچی جو گزشتہ روز 3 لاکھ 6 ہزار 927 روپے تھی۔
22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں 1022 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیاجس کے بعد اس کی نئی قیمت 2 لاکھ 82 ہزار 381 روپے ہو گئی۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ فی تولہ چاندی 39 روپے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 10 روپے میں فروخت ہوئی جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 33 روپے بڑھ کر 3 ہزار 437 روپے ہو گئی۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں 13 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور یہ 3,366 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی۔ چاندی کی قیمت میں صفر اعشاریہ 39 ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یہ 37اعشاریہ 77 ڈالر فی اونس ہو گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، افراطِ زر کے خدشات اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث قیمتی دھاتوں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر مقامی منڈیوں پر بھی مرتب ہو رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








